پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ٹاپ 20 ممالک میں شامل، پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اور مرنے والوں کی شرح عالمی اوسط سے بہت کم ہے۔
کراچی (عصرنو۔ تازہ ترین۔ 29 مئی2020) کورونا وائرس کی عالمی وباء کے تناظر میں کم تر شرحِ اموات اور اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہوجانے والوں کی ایک بڑی تعداد کے تناظر میں دنیا بھر کے 210 سے زائد ممالک میں پاکستان کا 19 واں نمبر ہے۔
اگر ایک طرف دنیا بھر میں ناول کورونا وائرس (کووِڈ 19) سے متاثرہ افراد کی تعداد ساٹھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس وباء کے ہاتھوں موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں، تو دوسری جانب کورونا وائرس کے پچیس لاکھ سے زیادہ متاثرین اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، جو ایک خوش آئند بات ہے۔ پاکستان بھی ان ٹاپ 20 ملکوں میں شامل ہے جو اس عالمی وباء کو بڑے پیمانے پر شکست دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2,076 نئے کیسز کے ساتھ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 61,226 ہوچکی ہے۔ البتہ پاکستان میں اب تک کیے گئے 508,086 کورونا ٹیسٹوں کے مقابلے میں یہ تعداد صرف 12 فیصد بنتی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 20,231 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ وطنِ عزیز میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی شرح 33 فیصد ہے جو ایک حوصلہ افزا امر ہے۔
آبادی کے تناظر میں دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے متاثرہ پاکستانیوں کی شرح 0.0278 فیصد یعنی دس لاکھ میں سے 278 ہے جو عالمی اوسط 745 فی دس لاکھ سے بہت کم ہے۔ پاکستان کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے جائزہ لیں تو کورونا وائرس کے ہاتھو لقمہ اجل بننے والوں کا تناسب 0.0006 فیصد یعنی دس لاکھ میں سے صرف 06 ہے۔ یہ بھی عالمی اوسط 45.9 فی دس لاکھ سے بہت کم ہے۔ ان تمام نکات کی بنیاد پر پاکستان ان 20 ملکوں میں شامل ہے جو کورونا وائرس کے خلاف بہت بہتر انداز میں کامیاب ہورہے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں