سوات (عصرِنو) عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان نے کہا ہے کہ فرانسیسی میگزین میں گُستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے اقدامات سے عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور اَمن کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا آزادی اظہارِ رائے کا مصداق نہیں ہوسکتا، کیوں کہ یہ پہلا ایسا اتفاق نہیں کہ فرانسیسی میگزین ”چارلی ہیبڈو“ نے اس قسم کا توہین آمیز اقدام کیا ہے۔ بلکہ اُس نے 2015ء میں سرکارِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے شان میں گستاخانہ خاکے شائع کیے تھے۔ جس کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے پیرو کاروں نے غم و غصے کا اظہار اور شدید احتجاج کیا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر مُسلمِ اُمّہ کے جذبات سے نہ کھیلیں ورنہ اُن کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ فوراً او آئی سی کا اجلاس بُلایا جائے، اور زبانی جمع خر چ کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ کیوں کہ اس طرح کی توہین آمیز خاکے عالمِ اسلام کی تضحیک ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں