سوات (عصرِنو) عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے صدر محمد ایوب خان اشاڑی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت پریس کانفرنسز کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے عملی اقدامات اُٹھائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تاکہ غریب عوام کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔
ضلعی ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ عام افراد کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے اشیائے خورد و نوش و ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایمرجنسی بنیادوں پر چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، حکومت متاثرہ افراد اور غریب مزدوروں کو راشن کی فراہمی کےلئے فی الفور اقدامات اُٹھائیں، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہر یونین کونسل میں موجود ہسپتال کو کورونا ٹیسٹ کے کٹس فراہم کئے جائیں، تاکہ مقامی سطح پر عوام کو ٹیسٹ کرانے میں کوئی دشواری پیش نہ آسکے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ طبی آلات اور مواد کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، احتیاطی تدابیر کی آگاہی کےلئے اقدامات ناکافی ہیں۔ میڈیا کی مدد سے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے 24 گھنٹے پیغامات کا سلسلہ شروع کیا جائے، تاکہ عوام کو بروقت اور درست آگاہی دی جاسکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات غیر اطمینان بخش ہیں، خودنمائی سے نکل کر عوام کی مدد پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ یہ تنقید نہیں بلکہ یاد دہانی ہے کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور عوام کو اصل ریلیف فراہم کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ صوبائی کابینہ کو بھی 24 گھنٹے عوام کی خدمت کےلئے موجود ہونا چاہیے، کیوں کہ حالات مزید سنگینی کی جانب جارہے ہیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت وقت کی اولین ذمہ داری بنتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں