پیر، 20 جولائی، 2020

گابا سیریز کی کتاب پر پابندی عائد کیا جائے، ضیاء ناصر یوسفزئی


عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے کلچر سیکرٹری نے نصاب میں شامل ”گابا سیریز“ کی کتب پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جو رواں برس شائع ہوئی اور ملک میں مسلسل بچوں کےلیے دستیاب رہی۔

عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے کلچر سیکرٹری ضیاء ناصر یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ”گابا سیریز“ نے اپنی کتاب میں بونیر کے غیور عوام کو احمق قرار دیا ہے۔ ایسی کتاب ہمارے بچوں کے ذہن پر بُری اثرات مرتب کرتی ہے اور اُن میں نفرت کے بیچ ہوئے جارہے ہیں۔ اس لیے یہ کتاب کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے عصرِنو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اے این پی شعبہ کلچر کے مطابق اس کتاب میں پختون قوم کے خلاف تضحیک آمیز مواد موجود ہیں جس میں ادب کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔

ضیاء ناصر یوسف زئی نے کہا کہ بونیر اُن غیور لوگوں کی سرزمین ہے جنہوں نے استعماری طاقت کے خلاف لڑنے والے مجاہدین بالاکوٹ کا اُس وقت میں ساتھ دیا، جب پورے برصغیر کی سرزمین اُن پر تنگ کردی گئی تھی۔ 

اِس پاک سرزمین نے نہ صرف نامور مجاہد پیدا کیے بلکہ آزادی پسند قوتوں کے ساتھ مل کر استعمار کو وہ شکست دی جس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ اُن صوفیاء کرام کی سرزمین ہے جنہوں نے پیغام محبت سے تمام انسانوں کے درمیان نفرتوں اور فرقہ واریتوں کو ختم کردیا اور اُن کو سامراجی قوتوں کے خلاف یکجا کیا۔ 

امن پسند اور مہمان دوست غیرت مند پختونوں کے اس سرزمین کے خلاف کسی بھی نفرت انگیز  مواد کی اشاعت کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس سیریز پر پابندی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ 

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کتاب سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوئے ہیں، بلکہ یہ ہمارے غیرت اور قربانیوں پر کاری ضرب ہے۔ لہذا حکومت اور سیکرٹری تعلیم اس معاملے کا نوٹس لیں اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچائے اور ساتھ ہی اس سیریز پر پابندی عائد کیا جائے تاکہ معصوم بچوں کے ذہن کو نفرت آمیز مواد سے بچایا جاسکے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں