بدھ، 8 جولائی، 2020

طاہرہ حبیب جالب کی اعزاز میں اے این پی ضلع سوات کے شعبہ ثقافت اور ”نوے جوند تنظیم“ کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام



معروف انقلابی شاعر اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان بابا کے قریبی ساتھی حبیب جالب کی بیٹی طاہرہ حبیب جالب کی دورہ سوات کے موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کی شعبہ ثقافت اور ”نوے جوند تنظیم“ کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

ظہرانے میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان، ضلعی کلچر سیکرٹری ضیاء ناصر یوسفزئی، پختون ایس ایف سوات کے جنرل سیکرٹری طارق حسین باغی، اے این پی کے دیرینہ کارکن حاجی ظاہر خان، نوے جوند تنظیم کی عہدیداروں، وکلاء برادری، صحافی برادری، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 

ظہرانے کے بعد اراکین نے حبیب جالب کی زندگی، جدوجہد، سوچ، افکار اور جمہوریت کے بحالی کےلیے قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اِس موقع پر اے این پی کی ضلعی کلچر سیکرٹری ضیاء ناصر یوسفزئی نے طاہرہ حبیب جالب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طاہرہ حبیب جالب کی ضلع سوات آمد سے نہ صرف حبیب جالب کی وادی سوات سے محبت عیاں ہوتی ہے بلکہ نوجوانوں کو اُن کے زندگی سے بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ 

طاہرہ حبیب جالب نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سوات آکر بہت خوشی ہوئی، اور یہاں سے جو عزت اور احترام ملا، اُسے تادمِ حیات نہیں بھولوں گی کیوں کہ اے این پی کے کارکنوں اور سوات کے نوجوانوں میں حبیب جالب کی افکار و نظریات اب تک زندہ ہے جو میرے لیے باعثِ فخر ہے۔

اس کے علاوہ اے این پی ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وادی سوات کے لوگ اور بالخصوص عوامی نیشنل پارٹی کے ورکرز حبیب جالب کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اُن خدمات کی بناء پر حبیب جالب کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ 

واضح رہے کہ حبیب جالب کا شمار نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ اِسی پاداش میں آپ کو کئی بار جیل کی ہوا کھانی پڑی، اور مختلف صعوبتیں جھیلیں، لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں