منگل، 25 فروری، 2020

صوبائی دارالحکومت میں پولیس کی جانب سے ماورائے عدالت قتل باعثِ تشویش ہے، محمد ایوب خان اشاڑی


سوات (عصرِنو) عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے صدر محمد ایوب خان اشاڑی نے پشاور کے علاقہ ریگی میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کے دارالحکومت میں مثالی پولیس کی جانب سے ماورائے عدالت قتل باعث تشویش ہے، پشتونوں کو ایک بار پھر نشانہ بناکر جعلی پولیس مقابلوں میں مارا جارہا ہے جو ایک ناقابل برداشت عمل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے (عصرِنو) سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اے این پی کے ضلعی صدر کا کہنا تھا کہ پشتونوں کی ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ نہ روکنے سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟

پشاور میں جعلی مقابلوں کے دوران شہریوں کی ہلاکت ظلم و بربریت ہے، اگر نقیب اللہ محسود کیس میں مجرمان کو سزا ملتی تو آج ایسے واقعات دیکھنے کو نہ ملتی۔

سزا دینا پولیس کا نہیں بلکہ عدالتوں کا کام  ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے خلاف جانے والوں کو سزا دئے بغیر اس قسم کے واقعات کو روکنا ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے خاموشی کا مطلب ہے کہ انہوں نے بھی اپنے لئے راؤ انوار رکھے ہیں، انہوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پر حکمرانوں کی خاموشی ان کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں