جمعہ، 28 فروری، 2020

پنجاب یونیورسٹی میں پشتون طلباء پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، شاہی دوران خان


لاہور(عصرِنو) عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے جنرل سیکریٹری شاہی دوران خان نے پنجاب یونیورسٹی میں پشتون طلباء پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اس حملے میں ملوث ہیں، اُن کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ 

اے این پی ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان نے عصرِنو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے، لیکن اگر بڑا بھائی غلط رویہ اختیار کرے یا بڑے بھائی کے لبادے میں ایسی حرکت کرے تو اس سے باقی صوبوں کے عوام میں خطرناک تاثر اُبھرے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پشتون طلباء وہاں لڑائی جھگڑوں کےلئے نہیں، بلکہ تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے جاتے ہیں۔ اے این پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پشتون پہلے ہی ظلم و بربریت اور دہشت گردی کا شکار ہیں، دہشت گردوں نے ہمارے تعلیمی اداروں کو تباہ کردیا ہے، اگر ہم سب ایک پاکستانی ہیں تو خدارا پشتون طالب علموں کو تعلیم سے دور رکھنے کی سازش کو ناکام بنایا جائے اور اُنہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

 اُنہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پشتون طلباء کو تحفظ فراہم کرے اور حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرکے اُنہیں سخت سزا دیا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں