ریاستِ بہاولپور کے نواب صادق محمد خان نے 1867ء میں ایک عالی شان بحری جہاز بنوایا، نواب فیملی یہ جہاز دریائے ستلج (جوکہ ریاست اور انگریز زیرِ انتظام علاقہ ملتان کے درمیان بہتا تھا) میں سیر و سیاحت کی غرض سے اپنے زیرِ استعمال لاتی رہی۔
اس جہاز میں تین پورشن تھے۔ سب سے نچلے حصّے میں جہاز کا عملہ رہتا تھا، درمیانی حصہ نواب فیملی کےلیے مختص تھا، جہاں پر ایک بار روم بھی قائم تھا۔ جب کہ اوپر والے حصّہ کھلے یارڈ (صحن) پر مشتعمل تھا، جس پر ایک مسجد اور کپتان روم واقع تھا۔
جہاز میں لائیٹ کےلیے جرنیٹر سسٹم نصب تھا۔ جہاز کو چلانے کےلیے طاقتور ڈیزل انجن لگا ہوا تھا۔ اپنے عروج کے زمانے میں انگریز اور میم صاحب نواب فیملی کے ساتھ جہاز میں سیر وسیاحت پر آتے رہتے تھے۔ بعد ازاں یہ جہاز نواب صادق محمد خان نے لودھراں اور بہاولپور کے درمیان مسافروں کی آمدورفت کےلیے مخصوص کر دیا۔
جب پاکستان بننے کے بعد دریائی پانیوں کے معاہدے ہوئے تو ستلج میں پانی کم ہوا اور پُل کی تعمیر ہونا شروع ہوئی تو نواب نے 1957ء میں اسے غازی گھاٹ پر بھیج دیا، جہاں پر یہ ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کے درمیان مسافروں کی آمدورفت کےلیے استعمال ہوتا رہا۔ تاہم پانی کے تیز بہاؤ کے پیشِ نظر نواب صاحب نے یہ جہاز خواجہ غلام فرید کی خدمت میں پیش کیا۔ جہاں پر یہ چاچڑاں شریف اور کوٹ مٹھن شریف کے درمیان عقیدت مندوں اور دیگر مسافروں کی باربرداری کےلیے استعمال ہوتا رہا۔ جسے قادر بخش نامی ملّاح (جو کہ محکمہ ہائی وے کا ملازم بھی تھا) چلاتا تھا۔
اِنڈس کوئین کا ایک یادگار تصویر
جب سردیوں میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ کم ہو جاتا اور کشتیوں کا پُل ڈال کر آمدورفت کےلیے راستہ بنایا جاتا، تو اس جہاز کی ضروری مرمّت بھی کر دی جاتی۔ دریائے سندھ جس کو ”اِنڈس ریور“ بھی کہا جاتا ہے، میں چلنے کی وجہ سے اس جہاز کا نام ستلج کوئین سے تبدیل کرکے انڈس کوئین رکھ دیا گیا۔
1998 تک یہ جہاز دریائے سندھ میں چلتا رہا، لیکن جب بے نظیر برِج مکمل ہوا تو اس جہاز پر لوگوں کی آمدورفت بھی کم ہوتی چلی گئی۔ اس بحری جہاز کی سروس کو بند کرتے ہوئے راجن پور اور کوٹ مٹھن کے درمیان پل سے ذرا دور کرکے لنگر انداز کر دیا گیا، اور یوں ایک شاندار جہاز جس پر 400 کے لگ بھگ لوگ ایک وقت میں محوِ سفر ہوتے تھے، کا سفر اختتام پزیر ہو گیا ہے اور اب یہ اپنی بے بسی کی تصویر بنا ریت میں دھنسا پڑا ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں